| بلاگز | اگلا بلاگ >>

آخر کتنا برا ہوگا؟

اصناف: ,

وسعت اللہ خان | 2008-09-04 ،14:05

blo_asif_zardari_poster_150.jpgفرض کریں صدر آصف علی زرداری کا دور اگر بہت ہی مایوس کن اور برا ہوا تو آخر کتنا برا ہوگا۔

کیا گورنر جنرل غلام محمد سے زیادہ برا ہوگا جن کے فالج زدہ احکامات ان کی انگریز سیکرٹری کے علاوہ کوئی اور نہیں سمجھ سکتا تھا۔ کیا سکندر مرزا سے زیادہ برا ہوگا جس نے اپنا ہی آئین توڑ کر مارشل لا لگا دیا۔ کیا ایوب خان سے بھی برا ہوگا جس نے دھاندلی اور دھونس سے صدارتی انتخاب جیتا اور اپنے ہی آئین کے برعکس اقتدار سپیکر کے حوالے کرنے کی بجائے کمانڈر ان چیف کو دے کر رخصت ہوا۔ کیا یحیی خان سے بھی برا ہوگا جس نے وہسکی میں ملک ڈبو کر نکالا تو وہ گیلے پاپے کی طرح دو ٹکڑے ہوگیا۔

کیا بھٹو سے بھی برا ہوگا جس نے پورا عرصہ بنیادی حقوق کی معطلی اور اپوزیشن کا گلا گھونٹنے کی کوششوں میں صرف کر دیا۔ کیا ضیا الحق سے بھی برا ہوگا جس نے سیاسی کارکنوں کا علاج کوڑوں اور پھانسیوں سے کرنے کی کوشش کی اور ملک کو کلاشنکوف اور پوڈر کی چتا پر رکھ دیا۔ کیا غلام اسحاق خان سے بھی برا ہوگا جس نے سیاسی حکومتوں کو پتلی تماشا بنا کے رکھ دیا۔

کیا محسن کش فاروق لغاری، فدوی و تابعدار رفیق تارڑ یا پاکستانیوں کو بیچ کر پیسے کھرے کرنے والے دو مرتبہ کے باوردی صدر پرویز مشرف سے بھی برا دور ہوگا آصف زرداری کا؟

جب یہ قوم ڈنڈا بردار صدور کو کئی کئی برس تمام تر تباہ کن کارناموں سمیت جھیل سکتی ہے اور ان کے سات خون معاف کرسکتی ہے تو ووٹ کی بنیاد پر منتخب زرداری اس قوم کو زیادہ سے زیادہ کتنا نقصان پہنچا سکتا ہے۔ بہت ہی نقصان ہوا تو یہی ہوگا نہ کہ چھ ماہ بعد ٹرکوں کے پیچھے 'تیری یاد آئی تیرے جانے کے بعد' مشرف کی تصویر کے اوپر لکھا ہوگا۔۔۔

تبصرےتبصرہ کریں

  • 1. 4:13 2008-09-07 ,شاہد اقپال :

    جی ہاں بہت برا ہو گيا۔۔۔

  • 2. 6:38 2008-09-07 ,AJ :

    او خدایا مدد۔۔ دم گھٹ رہا ہے۔ جب شریف صاحب وزیر اعظم بنے تھے تو میں نے ایک بار پاکستانی شہریت چھوڑنے کا ارادہ کیا تھا، مگر ایسا کیا نہیں۔ مگر اب یقیناً یہی کرنا ہوگا۔۔۔

  • 3. 6:45 2008-09-07 ,ارشد :

    کئی دفعہ ايسا بھی ہوا ہے کہ کھوٹے سکے چل گئے۔ اگر زرداری دور گزشتہ صدور سے خراب ہوئے تو پھر شايد پوری دنيا يہ بات کہے کہ پاکستان کے لیے جمہوريت نہںی ہے۔ بہت ممکن ہے کہ پاکستان کا نيوکليئر پروگرام ہی ختم ہو جائے (اللہ کرے يہ نوبت نہ آئے)۔ ويسے زرداری اور ان کی جي حضوری کرنے والوں کی چاندی ہو گئی ہے۔

  • 4. 8:28 2008-09-07 ,فاروق :

    اسلام عليکم، مجھے کسی اور سے نہيں اپنے ميڈيا سے ايک سوال ہے۔ کيا آپ لوگ واقعی آزاد ہيں؟ اگر ہيں تو چپ سی کيوں لگی ہے؟ حامد مير صاحب، شاہد مصود صاحب، کامران صاحب، پی جے مير اور دوسرے تمام محب وطن حضرات خدارا بوليے اس سے پہلے کہ بہت دير ہو جائے۔۔۔ زرداری صاحب کے پاس يا تو کوئی جن ہے يا اس کمزور ياداشت والی اندھی اور بےحس قوم کا مقدر يہي ہے۔ کيا اس قوم کے سارے چوہدری مر گئے؟ مجھے اور کچھ نہيں کہنا۔۔۔

  • 5. 8:47 2008-09-07 ,سيد حسنين عباس :

    اگر مشرف سو فیصد پاکستان بيچ سکتے ہیں تو زرداری کے ساتھ صرف دس فیصد اتنامہنگا سودا نہیں۔ کچھ پاکستان بچ جائے گا!

  • 6. 13:13 2008-09-07 ,امين الدين :

    جناب وسعت اللہ خان صاحب خُدا کرے کہ زرداري صاحب اب ٹين پرسنٹ کي بجائے سينٹ پرسنٹ قوم کے ليے ايک اچھے صدر ثابت ہوں

  • 7. 13:18 2008-09-07 ,zmalik :

    اللہ تعالي کا فرمان ہے کہ عوام پر ویسے حکمران ہوں گے جیسے وہ خود ہوں گے۔ آج کل ہم روزانہ کتنی بار گناہ کرتے ہیں۔ مثلاً لالچ، چوری، ناپ تول میں چوری، جھوٹ بولنا، لڑا‏ئی جھگڑا، سب سے بڑی بات ہم نے اللہ کے احکام کو چھوڑ دیا ہے۔ حضور پاک کی سیرت کو چھوڑ دیا ہے۔ قرآن شریف کو پڑھنا چھوڑ دیا ہے۔ اور اب ہم شکایت کس وجہ سے کرتے ہیں۔ پہلے ہم خود کو سیدھے راستے پر چلیں تو حکمران اچھا ملے گا۔ زرداری صاحب بھی اگر چاہیں تو دین اسلام کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے حکمرانی کرتے ہیں تو وہ ایک اچھے حکمران ثابت ہوں گے۔ نہیں تو ملک کا اللہ ہی محافظ ہوگا۔ یہ اب زرداری صاحب کے اوپر ہے کہ وہ کونسا راستہ اپناتے ہیں۔

  • 8. 14:19 2008-09-07 ,LIAQAT ALI SHAFQAT :

    تمام سابقہ حکمرانوں سے زيادہ اس لیے کہ پہلوں نے اقتدار حاصل کرنے کے بعد مک مکاؤ کيا، جھوٹ بولا، وعدا خلافی کی يا عہد توڑا۔۔۔ آصف علی زرداری نے يہ سب کچھ پہلے ہی کر ليا۔ اب خبريں آيا کريں گی کشمير کا سودا اتنی کميشن کے ساتھ ہوگيا، سرحد اور بلوچستان اتنے کميشن کے عوض طے ہوگيا ہے۔۔۔

  • 9. 14:24 2008-09-07 ,azhar :

    میرے خیال میں پرویز مشرف کے دور سے بھی برا ہوگا۔ وقت بتا دے گا۔۔۔

  • 10. 7:46 2008-09-08 ,ali abbas :

    جناب بات اتنی سی ہے کہ اس ملک میں لوگوں کا سیاسی شعور ختم ہو چکا ہے۔ وہ یہ جانتے ہی نہیں کہ بدترین جمہوریت بہترین آمریت سے بہتر ہوتی ہے۔

  • 11. 22:59 2008-09-10 ,خليل قريشی :

    خدا کی قدرت پر يقين آتا ہے يہ ديکھ کر۔ ساتھ ہی پاکستان کی سلامتی کے ليے ہاتھ اٹھ جاتے ہيں۔ خدا پاکستان کو محفوظ و مامون رکھے۔

  • 12. 14:04 2008-10-05 ,نياز :

    خدا نى آج تك اس قوم كى حالت نهين بدلى نه هو جنكو خيال ابنى حالت آب بدلنى كا

ý iD

ý navigation

ý © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔